اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ امریکہ اور یورپ میں کساد بازاری سے تیل اور اجناس کی بڑھی ہوئی قیمتوں سے متاثر ہونے والے ترقی پزیر ممالک کو ریلیف ملے گا۔ امریکہ میں مہنگائی کو کم کرنے کے لئے شرح سود میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے اقتصادی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں جس کا نتیجہ اقتصادی بدحالی، بے روزگاری اور کساد بازاری کی صورت میں نکلے گا جبکہ عالمی شرح نمو میں بھی کمی آئے گی۔ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ امریکی اقدامات سے پاکستان سمیت دنیا کے تقریباً تمام ممالک کی برامدات بھی متاثر ہونگی جبکہ ترسیلات میں بھی کچھ کمی آئے گی ۔دوسری طرف ڈیمانڈ میں کمی سے تیل اور زرعی اشیاءسمیت تقریباً تمام چیزوں کی قیمت کم ہونے کا عمل شروع ہو جائے گا جو تیل برامد کرنے والے ممالک کے لئے بری مگر تیل درامد کرنے والے ممالک کے لئے اچھی خبر ہو گی۔ پاکستان کی 33 فیصد درامدات توانائی پر مشتمل ہوتی ہیں جس کی قیمت میںپچاس فیصد کمی سے امپورٹ بل میں دس ارب ڈالر تک کی کمی آ سکتی ہے جو بڑا ریلیف ہو گا۔
امریکہ کساد بازاری سے ترقی پزیر ممالک کو فائدہ ہوگا:پی ای ڈبلیو
Aug 31, 2022