کیف (آئی این پی) یوکرائن کے دارالحکومت کیف کے مرکز میں روس کی شدیدگولہ باری کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرائنی علاقائی گورنر اولیگ سینیگوبوف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلی گرام میں تصدیق کی ہے کہ روس کی سرحد سے صرف 50 کلومیٹر کے فاصلے پر شمال مشرقی یوکرائن میں واقع خارکیف کے اضلاع پر روسی گولہ باری ہوئی، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے مقامی افراد کو پناہ گاہوں کے اندر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ یوکرائن کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ہم روس کے زیر قبضہ دونباس کو واپس لیں گے۔ زیلنسکی نے گزشتہ شام کو اپنے ایک خطاب میں کہا کہ ہمیں ہمارے تمام شہر اور عوام یاد ہیں اور انہیں بھولنا ناممکن ہے۔ دونباس کا علاقہ اس وقت روسی حملوں کا شکار ہے مگر ہمیں یقین ہے کہ وہ یوکرائن کا حصہ دوبارہ سے بن جائے گا۔ ہم وہاں کی عوام اور ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں لگنے دیں گے۔ یوکرائنی صدر نے کہا کہ وہاں کے لوگ ایک محفوظ اور پرمسرت زندگی ضرور گزاریں گے۔
یوکرائن