اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکی سیاسی رہنماو¿ں کا پاکستان میں حالیہ سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی، ڈیرک شولے نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سینیٹر جم رِش کا پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی، کانگریس وویمن شیلا جیکسن کا امریکی صدر کو خط، سیلاب زدگان کے لئے فوری مدد کی درخواست۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرک شولے نے پاکستانی سفیر مسعود خان سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع، فصلوں، مویشیوں اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان سمیت وسیع پیمانے پر ہونے والی تباہی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امریکی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ و امریکی وزیر خارجہ کے سینئر پالیسی ایڈوائزر ڈیرک شولے نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستانی سفیر مسعود خان نے سیلاب زدگان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر ڈیرک شولے کا شکریہ ادا کیا۔ بات چیت کے خاص طور پر امریکی سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے رینکنگ ممبر سینیٹر جم رِش نے بھی سیلاب زدگان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اپنے ٹویٹ میں سینیٹر رِش نے کہا کہ ہم اس موقع پر پاکستان جوکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبردآزماءہے کے ساتھ ہیں۔ ہم سیلاب متاثرین کے لئے دعا گو ہیں۔ پا کستانی سفیر مسعود خان نے تباہ کن سیلاب سے نمٹنے کے لیے پاکستانی عوام کے ساتھ ہمدردی کے پیغام پر سینیٹر رِش کا شکریہ ادا کیا، دیگر امریکی رہنماو¿ں بشمول سینیٹر ٹیڈ کروز اور کانگریس وویمن شیلا جیکسن نے بھی سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے۔ کانگریس وویمن شیلا جیکسن نے امریکی صدر کے نام خط میں پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری طور پر مالی اور تکنیکی معاونت کی درخواست کی ہے۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان مشی گن، نیویارک اور شکاگو کے دورے پر ہیں۔ پا کستانی سفیر مسعود خان نے امریکی سینیٹرز اور ارکان کانگریس کو خطوط بھی لکھے ہیں۔ نیو یارک میں سفیر پاکستان نے ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (اپنا) کے زیر اہتمام فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کی اور عطیات کی اپیل کی۔ میئر نیویارک ایرک ایڈمز کا اپنے خطاب میں پاکستان میں سیلاب متاثرین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ میئر نیویارک نے کہا کہ ہمیں اس وقت پاکستان میں ان خاندانوں کو نہیں بھولنا چاہیے، شکاگو کے دورے کے دوران پا کستانی سفیر نے شکاگولینڈ چیمبر آف کامرس کے صدر اور سی ای او جیک لیون سے ملاقات کی۔ سفیر مسعود خان نے شکاگو میں مقیم پاک-امریکن کمیونٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کریں۔ پاک امریکن کمیونٹی سے ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے کہا کہ نہ صرف پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے انکا کردار اہم ہے بلکہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاک امریکن کمیونٹی پاکستانیوں کی مدد کے لئے ہمیشہ سب سے آگے رہی ہے۔
امریکی سیاسی رہنما