کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ حکومت نے صوبہ میں سیلابی بارش سے 20 اگست سے آج تک ہونے والے نقصانات اور ریسکیو کی تفصیلات جاری کردی ہیں صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی امداد کے لئے حکومت سندھ بھرپور کوشش کررہی ہے، سیلاب متاثرین کو ریسکیوکرنا ترجیح ہے جس کے نتیجے میں صوبہ کے متاثرہ اضلاع میں اب تک متاثرین کے لئے 1910 ریلیف کیمپ قائم کر دئیے گئے ہیں اب تک 517772 متاثرین کو ان ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جاچکا ہے جہاں ان کو کھانا، پانی ، ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اب تک بارشوں کے باعث 468 افراد ہلاک جبکہ 14978 افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ بارشوں کے دوران صوبہ بھر میں 96598 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں ،شرجیل انعام میمن نے مزید بتایا کہ بارشوں کے باعث 1037275مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 3168268 ایکڑ پر کاشت کی گئی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں انہوں نے بتایا کہ بارشوں سے 234 تعلقہ اور 989 یونین کونسلز بھی متاثر ہوئی ہیں۔ جبکہ مجموعی طور پر 860 ارب روپے سے زائد کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ دریں اثناءحکومت سندھ نے مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور امدای کارروائیوں سے متعلق میڈیا کو آگاہی کے لئے ڈائریکٹر پریس انفارمیشن محمد سلیم خان کو فوکل پرسن نامزد کر دیا۔محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈائریکٹر پریس انفارمیشن روزانہ کی بنیاد پر کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز سے باہمی رابطے کے بعد سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات اور امدای کاروائیوں کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کریں گے۔ان کا دفتر صبح 09:00 بجے سے رات 12 بجے تک کھلا رہے گا۔
سندھ/ متاثرین
سیلاب سے صوبے کے تمام 30 اضلاع متاثر، 468 اموات، 14 ہزار سے زائد افراد زخمی، 96 ہزار مویشی مرگئے
Aug 31, 2022