ملتان (سماجی رپورٹر‘ خبر نگار خصوصی) عظیم روحانی پیشوا حضرت بہاالدین زکریا ملتانیؒ کے تین روزہ عرس کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی صفائی کے لئے آپریشن لانچ کردیا ہے۔قلعہ کے اطراف کی شاہراہوں کی صفائی ستھرائی بھی شروع کردی گئی اور گھنٹہ گھر، حسین آگاہی،واٹر ورکس روڈ اور دولت گیٹ کی خصوصی صفائی کے لئے ورکرز کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کی ہدایت پر حضرت بہاالدین زکریا ملتانی کے عرس مبارک کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے زائرین کے قیام و طعام کے مثالی اقدامات کئے جائیں گے جبکہ ملک بھر سے آنے والے زائرین کیلئے خصوصی ٹرینیں اور شٹل سروس بھی چلائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے عرس کے پہلے روز بروز جمعہ المبارک 2 ستمبر کو عام تعطیل بھی کی جائے گی ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر نے عرس کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رضوان نذیر نے مزید کہا کہ عرس کے موقع پر سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی کیمرے اور روٹس پر واک تھرو گیٹس بھی نصب کئے جائیں گے اور گاڑیوں کی پارکنگ کا موثر انتظام کیا جائے گا۔اس موقع پر مخلتف محکموں کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
عرس