میلسی،مظفرگڑھ(نمائندہ نوائے وقت،نامہ نگار) بجلی کے بلوں میں ایف پی اے اور یوریا کھاد کی عدم دستیابی کےخلاف کسانوں نے دھرنا دیا۔ میلسی سے نمائندہ نوائے وقت،نامہ نگار کے مطابق کسان اتحاد نے ضلع وہاڑی کے صدر مہر محمد اکمل، تحصیل میلسی کے صدر ملک ریاض بوہڑ، جنرل سیکرٹری میاں طیب کی قیادت میں پانچ گھنٹے تک واپڈا دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ مقررین نے یوریا کھاد کی دستیابی ٹیوب ویلوں کے بلوں پر ایف پی اے کے خاتمے کا مطالبہ کیا جس پر ایس ایچ او تھانہ سٹی شبیر ڈوگر، ایس ڈی اوز مہرالطاف، چودھری شفیق عاصم نے مظاہرین سے مذاکرات کیے جس میں طے پایا کہ یوریا کھاد کی فراہمی کے لیے آج اسسٹنٹ کمشنر میلسی، ڈی ایس پی او زراعت افسران سے میٹنگ کروا کر مسئلہ حل کیا جائے گا جب کہ مکمل طور پر ایف پی اے کے خاتمے تک میٹر بند نہیں کیے جائیں گے جس پر کسانوں نے احتجاج ختم کر دیا احتجاج میںکسان اتحاد راو¿ طارق اشفاق گروپ کے صدر شبو خان بلوچ، محمد عمران خان بلوچ نے بھی شرکت کی اور کسانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔مظفرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق میپکو سیکنڈ سب ڈویژن میں بجلی کی بدترین اور ہولناک لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے،، ایک ماہ سے مرمت کا بہانہ بناکر صبح 6 بجے سے دوپہر 2 بجے تک روزانہ 8 گھنٹوں کے لیے بجلی کی مسلسل بندش رہتی ہے جسکی وجہ سے دفاتر جانے والے شہری اور سکولوں کو جانے والے طلباءطالبات شدید پریشانی کا شکار رہتے ہیں۔ کچھ روز سے رات کے اوقات میں بھی فرید کالونی فیڈر کے علاقے محلہ شیخوپورہ سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ،شہریوں نے حکومت اور میپکو کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا جائے۔
دھرنا،لوڈشیڈنگ
راو¿ طارق اشفاق گروپ کی بھی شرکت ، کسانوں سے اظہار یکجہتی،پولیس سے کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم
Aug 31, 2022