اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عجیب لگا کہ عدالت نے عمران خان کے ساتھ نرم رویہ رکھا۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے یوسف رضا گیلانی، نہال ہاشمی، دانیال عزیز اور طلال چوہدری کو سزا ہوئی، عمران خان کا فیصلہ کرتے وقت اسے اسی آنکھ سے دیکھا جائے جس سے باقی سیاستدانوں کو دیکھا گیا۔وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے عمران خان کو توہین عدالت کیس میں ایک اور موقع ملنے پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ توہین عدالت کرنے والا شرم محسوس نہ کرے تو عدالتوں نے ہمیشہ توہین کرنے والوں کو سزا دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کے فیصلے مساویانہ ہونے چاہئیں، سب کے لیے ایک جیسا انصاف اور معیار ہونا چاہیے، عجیب لگا کہ عدالت نے عمران خان کے ساتھ نرم رویہ رکھا۔