لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپیٹل سٹی پولیس آفس میں کرائم کنٹرول کے حوالے سے اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں ڈکیتی، رابری اور چوری سمیت سنگین وارداتوں کے مقدمات کی تفتیش اور ریکوری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ ایس پیز پراپرٹی کے متعلق مقدمات کی تفتیش کی خود مانیٹرنگ کریں۔ ڈویژنل ایس پیز پراپرٹی کرائم کے کنٹرول پر خصوصی توجہ دیں اور محنتی افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیں۔ ڈکیتی اور رابری کے سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ہاٹ سپاٹ کرائم ایریاز پر ڈولفن اور پیرو فورس کی مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنایاجائے۔ سنگین وارداتوں کے مقدمات بلا تاخیر درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرموں، موٹر سائیکل چوروں اور موبائل سنیچرز مافیا کا قلع قمع کیا جائے۔ موٹرسائیکل چوری میں ملوث گینگزکیخلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بھکاری مافیا اور ان کے ہینڈلرز کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جرائم کے خاتمہ کیلئے عادی چوروں، ڈاکوؤں اور اشتہاری مجرمان سمیت منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کیاجائے اور جرائم پیشہ عناصر، بھتہ خوروں، بدمعاشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ قانون شکن عناصر کو سزا دلوانے کیلئے سائنٹیفک اور جدید تقاضوں کے مطابق تفتیش عمل میں لائی جائے۔ سی سی پی او نے صوبائی دارالحکومت کے تھانوں کی صفائی ستھرائی کی خصوصی ہدایت بھی دی۔