لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروبیشنر افسران کے تربیتی کورسز کے حوالے سے بڑا اقدام اٹھایا ہے،جس کے تحت کورسز کے دورانیہ میں کمی کر دی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروبیشنر اے ایس آئیز اور سب انسپکٹرز کے پروموشن کورسز کے دورانیہ میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اے، بی اور سی کورسز کا دورانیہ کم کرکے ایک ماہ جبکہ ڈی کورس کا دورانیہ 6 ماہ کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹ اپر سب آرڈینٹس بھرتی ہونیوالے افسران 3 برس کا پروبیشن پیریڈ گزارنے کے بعد کنفرم کئے جائیں گے۔ پی کیڈٹ کوٹہ کے تحت ڈائریکٹ سب انسپکٹر بھرتی ہونے والوں کو ٹریننگ اور اے، بی، سی اور ڈی کورسز دوبارہ نہیں کرنا پڑیں گے۔ ان افسران کو تھانوں میں اڑھائی ماہ کا ریفریشر کورسز بطور سب انسپکٹر کروایا جائیگا۔وہ 3 برس کا عرصہ پروبیشنر کے طور پر گذاریں گے۔ پریکٹیکل ٹریننگ مکمل نہ کرنے والے اے ایس آئیز بطور سب انسپکٹر بھرتی ہونے پر اپنی پریکٹیکل ٹریننگ مکمل کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے پولیس رولز میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کرکے تمام افسران کو بھجوا دیا۔ پنجاب پولیس کی ایچ آر ایم آئی ایس ایپ میں ریٹائرڈ پولیس افسران کیلئے خصوصی ٹیب کا اضافہ کیا گیا ہے، ریٹائرڈ پولیس افسران پنشن سمیت دیگر پیشہ ورانہ مسائل کے حل کیلئے آن لائن فورم استعمال کر سکتے ہیں۔ ریٹائرڈ پولیس ملازمین کو اپنے مسائل کے حل کیلئے دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ اس اقدام سے ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے۔
آئی جی نے پروبیشنر افسروں کے تربیتی کورسز کا دورانیہ کم کردیا
Aug 31, 2023