لاہور(نیوز رپورٹر)محکمہ بجلی واپڈا کے کارکنوں نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرزیونین سی بی اے کے زیراہتمام زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ محکمہ بجلی میں سٹاف کی شدید کمی کی وجہ سے کارکنوں کو دوہرا کام کرنے کی وجہ سے دوران ڈیوٹی آئے دن جان لیواء المناک حادثات کا شکار ہونے سے روکیں۔ خالی آسامیوں کو پر کرکے سٹاف کی کمی فوراً دور کی جائے۔ ملک میں بجلی کی قیمتوں بمعہ پاور ہائوسوں کی سطح پر کمپنیوں کو مہنگی بجلی کے ریٹ کم کراکر عوام، قومی صنعت و زراعت کو سستی بجلی مہیا کرکے بنیادی ضروریات آسان بنائی جائیں۔ سینکڑوں کارکنوں نے ان مطالبات کے حق میںزبردست مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدام کرنے کا پرزور مطالبہ کیا اور نسبت روڈ لاہور پر ریلی منعقد کی کارکنوں نے قومی پرچم اور اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔ خورشیداحمد جنرل سیکرٹری نے ریلی کو خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قوم کی بنیادی ضرورت بجلی واپڈا ساڑھے 4 روپے فی یونٹ مہیا کرتا ہے جبکہ نجی تھرمل پاور ہائوس 40 سے 50 روپے فی یونٹ بجلی وصول کرتے ہیں۔ بجلی کے ریٹ فوری کم کرواکربجلی جوکہ صنعت،زراعت اور کاروباری عوام کیلئے بنیادی ضرورت رکھتی ہے اْنہیں بجلی مہیا کریں۔
ورکرزکنفڈریشن کا احتجاجی مظاہرہ،پاور ہائوسسز سے عوام کو سستی بجلی مہیا کی جائے:مطالبہ
Aug 31, 2023