واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں جمعہ کے روز اذان لائوڈ سپیکر پر دینے کی اجازت مل گئی جس سے مسلم کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا اذان کے الفاظ اللہ کی کبریائی اور نبی کریمؐ کی رسالت کی گواہی پر مشتمل ہیں اور یہ اذان نماز کی ادائیگی کی یاد دہانی کیلئے دی جاتی ہے۔ نماز دین کے پانچ ستونوں میں سے ایک ہے جو دن میں پانچ بار قریبی مسجد میں ادا کرنے کا حکم ہے۔ اذان سن کر ہی نماز کے وقت کا پتہ چلتا ہے۔ ان باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ مساجد سے نہ صرف جمعہ کی بلکہ ماہ رمضان میں روزانہ مغرب کی اذان لائوڈ سپیکر پر دی جائے گی اور اس کیلئے کسی پرمٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نیویارک سٹی کے میئر نے کہا کہ اذان کیلئے استعمال ہونے والے لائوڈ سپیکر کی جانچ پڑتال اور سائونڈ کو مناسب لیول پر رکھنے کیلئے پولیس‘ مسجد انتظامیہ کے ساتھ مل کر گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیںگے۔ مسلم کمیونٹی کے نمائندوں نے نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کا شکریہ ادا کیا۔