لاہور (نیٹ نیوز) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ لاڈلے کی خاطر نوازشریف کو نااہل نہ کیا جاتا تو آج مہنگائی نہیں پاکستان میں خوش حالی ہوتی۔ مریم نواز شریف سے پنجاب ویمن ونگ کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی عہدیداروں نے چیف آرگنائزر سے تنظیمی امور پر بات چیت کی۔ ملاقات میں شعبہ خواتین کے تنظیمی ڈھانچے اور سرگرمیوں کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پارٹی کے شعبہ خواتین نے سیاسی و جماعتی تاریخ میں ہمیشہ ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ شعبہ خواتین نے ہر سیاسی معرکے میں بہادری، نظریاتی وابستگی اور جرات کا بے مثال مظاہرہ کیا۔ خواتین اور نوجوانوں کو سیاست کا ہراول دستہ بنا دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ہر دور حکومت میں خواتین اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دیئے۔ 2013ء سے 2018ء کا وزیراعظم نوازشریف کا دور کم ترین مہنگائی اور تیز ترین ترقی کا دور تھا۔ پاکستان سے غربت اور مہنگائی کے اندھیرے اسی طرح ختم کریں گے جس طرح لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے ہوتے ہوئے قوم کو مایوس اور ناامید ہونے کی ضرورت نہیں۔ مہنگائی 4 سال کے پراجیکٹ عمران کی وجہ سے ہوئی۔ قوم آج سوال پوچھے کہ نواز شریف کو اقتدار سے الگ کر کے قوم کو مہنگائی کی سزا کیوں دی؟۔ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے عوام کی آنکھوں میں آنسو لانے والے مجرموں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہو گا۔ عوام کو مہنگائی سے پھر نجات دلائیں گے۔ انشاء اللہ۔ مہنگائی سے نکلنے والے قوم کے آنسوؤں کو خوشحالی کی ہواؤں سے پونچھیں گے۔