سٹاک مارکیٹ میں مندا، کیپٹلائزیشن 76 ارب روپے کم ہو گئی

Aug 31, 2023

کراچی ( کامرس رپورٹر)روپے کی قدر میں مسلسل کمی ،عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے شکوک و شبہات اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کے خلاف ملک گیر احتجاجی لہر کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میںگزشتہ روز ہونے والی شدید مندی کے اثرات گزشتہ روز بدھ کو بھی دیکھے گئے 100انڈیکس 500سے زائد پوائنٹس کی کمی سے 46700کی حد سے گرکر46200پوائنٹس کی حد پر آگیا۔ کاروبار میں شدید مندی کے باعث مارکیٹ کے سرمایہ میں76ارب روپے کی کمی واقع ہوئی جبکہ حصص کی کاروباری مالیت میں معمولی اضافہ اور کاروباری حجم میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو بھی مندی کے بادل چھائے رہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار ملک میں سیاسی اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث تذبذب کا شکار دکھائی دیئے،گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 525پوائنٹس کی کمی رہی جس سے انڈیکس 46770پوائنٹس سے گھٹ کر46244پوائنٹس ہو گیا۔ 199 پوائنٹس کمی سے 30انڈیکس 16620پوائنٹس سے گر کر16420پوائنٹس ہو گیا، آل شیئرز انڈیکس295پوائنٹس کمی سے 31115 پوائنٹس سے گھٹ کر30819پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایم آئی30انڈیکس 1125پوائنٹس کمی سے78055پوائنٹس تک آگیا ،گذشتہ روز مارکیٹ کے سرمائے میں 76ارب روپے کی کمی ہوئی ، جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 69کھرب71ارب روپے سے گھٹ کر 68کھرب 95ارب روپے رہ گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز8ارب98کروڑ روپے مالیت کے 20کروڑ سے زائد حصص کا کاروبار ہواجبکہ منگل کے روز8ارب28کروڑ روپے مالیت کے21کروڑ سے زائد حصص کا کاروبار ہوا تھا، مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر 327کمپنیوں کا کاروبارہوا جس میں سے70کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،240میں کمی اور17کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام، دیوان موٹرز،،او جی ڈی سی ایل،کے الیکٹرک،نشاط چونیاں،پی ٹی سی ایل،ایم سی بی بینک،کوٹ ادو پاور، اور پاک پٹرولیم کے سودے نمایاں رہے، قیمتوں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سے سفائر فائبر کے بھائو میں 78روپے کا اضافہ ہوا جس سے اسکے حصص کی قیمت1148روپے ہو گئی ،77.89روپے کے اضافے سے سفائر ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 1128روپے پر جا پہنچی جبکہ محمود ٹیکسٹائل کے بھائو میں54.50روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے اسکے حصص کی قیمت 685روپے ہو گئی جبکہ 20.92روپے کی کمی سے ماری پٹرولیم کے حصص کی قیمت1619.53روپے پر آ گئی۔

مزیدخبریں