لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ، چیف سیکریٹری، سیکریٹری تعلیم اور سیکریٹری سکولز پر زور دیا ہے کہ وہ پنجاب نصاب و ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے پرنٹرز و پبلشرز کو ساڑھ 5 ارب روپے کی ادائیگیاں نہ کرنے کا نوٹس لیں کیونکہ اس کی وجہ سے یہ سیکٹر شدید مالی بحران سے دوچار ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار خالد پرویز کی سربراہی میں پرنٹرز و پبلشرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود ، سیکریٹری اطلاعات آل پاکستان انجمن تاجران ذکریا بٹ اور چیئرمین آل پاکستان پرنٹرز ایسوسی ایسوسی ایشن سید مکرم عباس ، سابق صدر محمد علی میاں اور سابق نائب صدر فہیم الرحمن سہگل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے بتایا کہ پنجاب نصاب و ٹیکسٹ بک بورڈ نے سرکاری سکولوں میں طلباء کو مفت نصابی کتابوں کی فراہمی کے لیے 15 ارب روپے مالیت کا ایک ٹینڈر جاری کیا تھا جس کے نتیجے میں پرنٹرز نے ایک کروڑ 70 لاکھ بچوں کیلئے درسی کتب پرنٹ کیں۔ تاہم اس پرنٹنگ کی مد میں ساڑھے 5 ارب روپے کی ادائیگی اب بھی بقایا ہے۔ کاغذ کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے اور اگر پنجاب نصاب و ٹیکسٹ بک بورڈ پرنٹرز اور پبلشرز کو بقیہ ساڑھے 5 ارب روپے کی ادائیگی نہیں کرتا تو اگلے تعلیمی سال کیلئے درسی کتب پرنٹ نہیں ہوپائیں گی اور لاکھوں طلباء مفت ان سے محروم رہ جائیں گے جس سے ان کا تعلیمی کیریئر دائو پر لگ جائے گا۔