20کروڑ روپے کے آرٹ میگا کچن کا افتتاح منظور بھٹی ، مسز نسیم کوثر نے کیا

لاہور(کامرس رپورٹر) یہ پاکستان کے سماجی شعبے میں اپنی نوعیت کا پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ میگا کچن ہے۔20 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس کچن میں کھانے کی تیاری کیلئے سٹیم بیس کوکنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ آٹا گوندنے سے لیکر روٹی پکانے تک کا عمل سیمی آٹو میٹک روٹی پلانٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔اس کے علاوہ سبزیوں اور دیگر کھانے کے سامان کی واشنگ، کٹنگ، کرشنگ اور سٹوریج سمیت تمام تر کام  حفظان ِ صحت کے اصولوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے جدید مشینوں اور طریقہ کار کے ذریعے سرانجام دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین اللہ والے ٹرسٹ شاہد لون نے لاہور میں اللہ والے میگا کچن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ افتتاحی تقریب میں سینئر وائس چیئرمین فصیح الدین، جنرل سیکرٹری پرویز احمد، فنانس سیکرٹری شازیہ لون اورڈائریکٹر شاہد عنایت سمیت مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔جبکہ صدر اللہ والے ٹرسٹ منظور احمد بھٹی اور مسز نسیم کوثر قریشی نے منصوبے کا افتتاح کیا۔ شاہد لون نے اللہ والیٹرسٹ کی مجموعی خدمات بارے بذریعہ پریزنٹیشن شرکاء کو آگا ہ کرتے ہوئے بتایا کہ اللہ والیٹرسٹ ایک رجسٹرڈ غیر منافع بخش تنظیم ہے، جو کہ 2010 سے پاکستان میں خوراک اور غذائیت  پر کام کر رہی ہے۔ یہ تنظیم رنگ و نسل اور مذہب و مسلک سمیت ہر طرح کی تفریق سے بالاتر ہوکر مستحقین کو کھانا فراہم کررہی ہے۔ ہمارا مشن ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی ضرورت مند بھوکا نہ سوئے۔اللہ والے ٹرسٹ کھانا پروگرام کے تحت ملک بھر کے 6 بڑے شہروں کے 156 پسماندہ سکولوں میں روزانہ کی بنیاد پر34 ہزار بچوں کو لنچ فراہم کیا جارہا ہے  جبکہ اس سال کے آخر تک 60 ہزار بچوں تک پہنچنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن