اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے ایرانی سفیر، رضا امیری مغدام نے نگران وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، سمیع سعید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سی پیک، توانائی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون سمیت دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں نگران وزیر منصوبہ بندی سمیع سعید نے نئے تعینات ہونے والے سفیر کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی، اس موقع پر نگران وزیر منصوبہ بندی نے پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ دوستی کی اہمیت پر زور دیا اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے کی باہمی خواہش کا بھی اظہار کیا۔