اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) ورلڈ فوڈ پروگرام کی سپلائی چین کی سربراہ محترمہ ری ایشی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور معاشرے کے کمزور طبقات کے غذائی عدم تحفظ کے مسائل کو حل کرنے کے لیے چیمبر کے ساتھ باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ورلڈ فوڈ پروگرام کی مہمان کا چیمبر میں خیرمقدم کیا اور ان کے ادارے کی طرف سے پاکستان میں معاشرے کے کمزور طبقات کو خوراک اور غذائی امداد فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر معاشرے کے کمزور افراد کے لیے خوراک اور غذائیت کی فراہمی کی کوششوں میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے۔