لاہور(سپورٹس رپورٹر) عمان کے شہر صلالہ میں جاری فائیو سائیڈ ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان کی فتوحات کا سلسلہ جاری، پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو 6 کے مقابلہ میں 15 گول سے شکت دیدی۔ پاکستان کے ارشد لیاقت کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔پاکستان کی جانب سے کپتان راناعبدالوحید اشرف نے 4 گول، ارشد لیاقت نے 3 گول، محمد عبداللہ نے 3 گول، عبدالرحمن نے 2 گول جبکہ احتشام اسلم، مرتضی یعقوب اور ذکریا حیات نے ایک، ایک گول کیا۔پاکستان نے پہلے میچ میں جاپان کو ایک کے مقابلے میں چھبس گول سے شکست دی تھی ۔ پاکستان فائیو سائیڈ ہاکی ٹیم میں گول کیپرز: عبداللہ اشتیاق خان، علی رضا، ڈیفینڈر: محمد عبداللہ، مڈ فیلڈز: احتشام اسلم، محمد مرتضی یعقوب، سٹرائکرز: ارشد لیاقت، ذکریا حیات، رانا عبدالوحید اشرف، عبدالرحمٰن اور عبدالوہاب شامل ہیں۔فائیو سائیڈ ایشیا کپ میں 11 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں پاکستان،بھارت، افغانستان، انڈونیشیا، ایران، جاپان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ چائینہ، قازقستان، ملائیشیا اور میزبان ملک عمان کی ٹیمیں شامل ہیں۔