2 ستمبر کو یوم دعوت اسلامی، تیاریاں زور و شور سے جاری

Aug 31, 2023

کراچی (کامرس رپورٹر) دعوت اسلامی کا 1981ء سے شروع ہونیوالا سفر اپنی تمام تر کامیابی و کامرانیوں کو لے کر آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس بیالیس سالہ سفر میں 80 سے زائد شعبہ جات بنانا اور اس کے ذریعے دینی و فلاحی کام کرنے کا اعتراف ملک و بیرون ملک کی اہم شخصیات بھی کرتی ہیں،  گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی 2 ستمبر کو یوم دعوت اسلامی دنیا بھر میں دھوم دھام سے منایا جارہا ہے   جس کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں، اس سلسلے میں پاکستان بھر میں قائم مدنی مرکز فیضان مدینہ میں  سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اراکین شوریٰ و مبلغین دعوت اسلامی کی دینی  و فلاحی خدمات سے متعلق آگاہ کرنگے، جبکہ امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ کے فرمان پر عاشقان رسول اسی خوشی میں شہر شہر، گاؤں گاؤں نیکی کی دعوت کو عام کرنے کیلئے مدنی قافلوں میں سفر اختیار کریں گے۔ یوم دعوت اسلامی کی تیاریوں کے حوالے سے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں کراچی سٹی مشاورت کے ذمہ داران کا مدنی مشورہ ہوا جس میں اراکین شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری، حاجی محمد اطہر عطاری، شعبہ ذمہ داران، ڈویژن و ڈسٹرکٹ نگران، ٹاؤن نگران اور یوسی نگران سمیت دیگر عاشقان رسول شریک ہوئے،   مدنی مشورے میں نگران شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری نے 2 ستمبر کو یوم دعوت اسلامی اور یوم رضا اور جشن  عید میلاد النبی دھوم دھام سے منانے  اور امیر اہل سنت کے با رہ مدنی مذاکروں میں شرکت سے متعلق اہم نکات پر گفتگوکی، نگران شوریٰ نے اسلامی بھائیوں کو یوم دعوت اسلامی کی مناسبت سے اپنے گھروں میں  دعوت اسلامی کے جھنڈے لگانے اور بالخصوص مدنی قافلوں میں سفر کرنے سے متعلق ترغیب دی۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ نگرانوں کی جانب سے یوم رضا پر اعلیٰ حضرت کو ایصال ثواب کیلئے کروڑوں سورۃ اخلاص پڑھنے ، یوم دعوت اسلامی اور جشن عید میلاد النبی ﷺکی بھرپور انداز سے منانے کیلئے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔دعوت اسلامی کے 42 سال مکمل ہونے پر ہم اپنے رب کے حضور سربسجود ہیں کہ اس نے ہمیں ایک ایسی دینی تحریک سے نوازا جس کا سلوگن ہی یہ ہے کہ مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے۔

مزیدخبریں