ایشیا کپ: مداحوں کا انتظار ختم، دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں 2 دن باقی

دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ٹاکرے کیلئے میدان سجنے میں صرف 2 دن باقی ہیں.پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 1 سال بعد کسی انٹرنیشنل میچ میں ٹکرائیں گی، بھارتی سورما اور پاکستانی شاہینوں نے سری لنکا میں ڈیرے ڈال لیے۔ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان اور سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ پاکستان اور نیپال کے درمیان ہونے والے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ نے ہی شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے ہیں۔کرکٹ کے متوالوں کو اب انتظار ہے تو 2 ستمبر کو سری لنکا کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کا۔ پالی کیلے اسٹیڈیم کے ٹکٹس تیزی سے فروخت ہونے کے باعث اسٹیڈیم میں فل ہاوس کی توقع ہے۔تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو پاکستان اور بھارت آخری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراونڈ میں ٹکرائے تھے۔ اس میچ میں بھارت نے 4 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ون ڈے فارمیٹ کی بات کی جائے تو آخری پاک بھارت ٹاکرا 2019 کے آئی سی سی ورلڈکپ میں ہوا تھا۔ اس ٹاکرے میں بھی بھارت نے ڈک ورتھ لیوس میتھڈ کے ذریعے 89 رنز سے پاکستان کو شکست دی تھی۔آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں بھارت کے خلاف پاکستان کا پلڑا اب تک بھاری رہا ہے۔ دونوں ٹیموں 132 مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں .جس میں بھارت 55 اور پاکستان 73 میچز میں فاتح رہا۔ایک سال بعد پھر دونوں ٹیمیں کرکٹ کی سب سے بڑی جنگ لڑنے کو تیار ہیں۔ دونوں ٹیمیں کل سے پریکٹس سیشن کا آغاز کریں گی۔کرکٹ کے متوالوں کیلئے ایک بری خبر یہ ہے کہ 2 ستمبر کو سری لنکا کے شہر کینڈی میں 80 فیصد بارش کا امکان ہے .جس کے باعث پاک بھارت میچ متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ای پیپر دی نیشن