کراچی: سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ 9 مئی واقعات کے مقدمے میں ضمانت ملنے کے بعد پولیس حملہ کیس میں گرفتار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے حلیم عادل شیخ کو انسدادِ دہشت گردی عدالت سے ضمانت ملنے پر ایک اور مقدمے میں حراست میں لے لیا۔ گزشتہ روز بھی حلیم عادل شیخ کو سندھ ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔آج حلیم عادل شیخ کو انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے 9مئی کیس میں حلیم عادل شیخ کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے درخواست مسترد کردی اور حلیم عادل شیخ کو ضمانت پر رہائی دینے کا حکم دیا۔پریڈی تھانہ پولیس نے ضمانت ملنے پر عدالت سے نکلتے ہی حلیم عادل شیخ کو پولیس حملہ کیس میں گرفتار کر لیا.جس کا مقدمہ گزشتہ روز پریڈی تھانہ میں درج ہوا جس میں پولیس پر حملہ، مداخلت اور بلوے کی دفعات شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے دوران بدھ کے روز پولیس پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ سے مقدمے پر جلد تفتیش کی جائے گی۔