بھارت میں حکام نے دارالحکومت دہلی میں اگلے ہفتے ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران بندروں کو دور بھگانے کے لیے لنگور بندروں کے تصویری بورڈ آویزاں کردیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر ایسے افراد کو بھی تعینات کیا جائے گا جو کہ بندروں کی آوازیں نکالنے کے ماہر ہوں تا کہ اجلاس کے دوران بندروں کو ڈرا کر دور رکھا جا سکے۔
دہلی میں بندر بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں اور حکام کو امید ہے کہ بڑے اور جارح لنگور نسل کے بندروں کی تصویریں چھوٹے بندروں کو اجلاس کے مقام سے دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔جی20 سربراہی اجلاس 9 اور 10 ستمبر کو ہوگا۔ بندروں کےتصویری بورڈ سربراہی اجلاس کے مقام کے ارد گرد آویزاں کیے گئے ہیں جہاں غیرملکی مہمان قیام کریں گے۔
دہلی کے میونسپل کارپوریشن کے ترجمان رادھا کرشن نے بتایا کہ بندروں کی آوازیں نکالنے والے ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 20 ایسے لوگوں کو ہائیر کیا ہے جو لنگور کی آوازیں نکال سکتے ہیں۔ ان لوگوں کو سردار پٹیل مرگ کے اردگرد تعینات کیا جائے گا۔سردار پٹیل مرگ ڈپلومیٹک انکلیو اور دہلی کے اہم علاقے کو ایئرپورٹ کے ساتھ ملاتا ہے جو کہ جی 20 کا روٹ ہو
گا۔