پاکستان سپورٹس بورڈ نے قومی بیس بال ٹیم کو ٹورنامنٹ میں شرکت سے روک دیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اسپورٹس بورڈ نے قومی انڈر18 بیس بال ٹیم کو ایشین انڈر18 بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت سے روک دیا۔چیمپئن شپ میں پاکستان کی شرکت کے معاملے پر پی ایس بی نے فیصلہ سنادیا۔چیمپئن شپ 30 اگست سے 9 ستمبر تک چائنیز تائی پے میں شیڈول ہے، 34 رکنی دستے نے گزشتہ شب چائنیز تائی پے روانہ ہونا تھا۔پی ایس بی نے قومی انڈر18 بیس بال کے دستے کو شرکت کا اجازت نامہ جاری نہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔پی ایس بی نے ایف آئی اے حکام سے ایونٹ میں شرکت کی کوشش کیلئے روانہ ہونے کی صورت میں ایکشن لینے کی درخواست کردی۔پی ایس بی نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ دستہ جعلی وجوہات کی بنیاد پر روانگی کی کوشش کرسکتا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے سے درخواست ہے کہ دستے کی کسی ایک رکن کی بھی روانگی کی کوشش کو روکا جائے۔سیکرٹری پاکستان بیس بال فیڈریشن سید فخر علی شاہ نے کہا کہ ہماری تمام تر روانگی کیلئے بکنگ ہوچکی تھی، ہمیں ایونٹ میں شرکت سے روکا گیا ہے۔ ہمیں چائینیز تائی پے میں ہونیوالے ایونٹ کی وجہ سے روکا گیا ہے، انڈر18 چیمپئن شپ ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ رائونڈ ہے۔ پاکستان انڈر18 ٹیم کو نقصان پہنچے گا، ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے ہمیں پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن