لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل ختم کر دیا گیا ،موسلا دھار بارش کے باعث ٹاس بھی نہیں ہوسکا۔ مسلسل بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے پہلے دن کا کھیل ختم کر دیا گیا ۔ دونوں ٹیمیں اپنے ہوٹل میں موجود رہیں اور امپائرز کو بارش رکنے کے بعد گراؤنڈ کا معائنہ کرنا تھا، محکمہ موسمیات نے وقفے وقفے سے مون سون بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے پہلے ٹیسٹ میں جیتنے کے بعد دو میچوں کی سیریز برابر کرنے کیلئے میزبان پاکستانی ٹیم کیلئے یہ اچھی خبر نہیں ہے‘ٹیسٹ سیریز پاکستان ٹیم کے ہاتھ سے جانے لگی ہے۔میچ میں مزید بارش کی پیشگوئی کی وجہ سے میزبان ٹیم کیلئے مشکلات کھڑی ہونے لگی ہیں۔مہمان ٹیم کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔ پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا ۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں مسلسل بارش کی وجہ سے تیسرا میچ نہ ہوسکا۔ پاکستان شاہینز نے تین میچوں کی سیریز ایک صفر سے جیت لی ۔