پٹرول میں ہائیڈرو کاربن سالوینٹس ملاوٹ کر کے فروخت جاری:او ایم اے

لاہور(کامرس رپورٹر) آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہائیڈروکاربن سالوینٹ کی غیر قانونی درآمد کیخلاف سخت ترین اقدامات کرے۔ تاکہ صارفین تک اصلی اور خالص پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی ہو سکے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق وزیر علی نے وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کو لکھے گئے ایک خط میں کہا غیر قانونی پٹرول پمپوں پر پٹرولیم مصنوعات میں بڑے پیمانے پر ہائیڈرو کاربن سالوینٹس ملاوٹ کر کے فروخت کیے جارہے ہیں جو نہ صرف صارفین اور ان کی گاڑیوں کے نقصان کا باعث بلکہ پٹرولیم انڈسٹری اور ملکی معیشت پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ غیر قانونی پٹرول پمپ جو اس کام میں ملوث ہوں ان پر پابندی لگا کر انہیں سیل کر دیا جائے۔ یہ انتہائی خطرناک سالوینٹ ماحول پر بھی بری طرح اثرانداز ہوتے ہیں اور گاڑیوں کے انجن میں خرابی کا باعث بنتے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن