لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان سٹینڈرز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد کاروباری شعبہ کو عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنانے اور معیارات سے ہم آہنگ کرنے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانا ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور اور ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے توفیق علی عباسی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جس کی رو سے لاہور چیمبر میں پاکستان سٹینڈرز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کا سہولیاتی ڈیسک قائم کیا جائے گا جو لاہور چیمبر کے ممبران کو خدمات فراہم کرے گا اور انہیں معیارات و قواعد و ضوابط کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ کاشف انور نے ایم او یو کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک رسمی معاہدہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک سٹریٹجک اتحاد ہے جو لاہور چیمبر کے اراکین کو عالمی معیارات پورا کرنے کیلئے درکار مدد فراہم کرے گا۔ آج کی انتہائی مسابقتی عالمی مارکیٹ میں بین الاقوامی معیارات کو پورا کرنا ضرورت بن چکا ہے۔ یہ شراکت داری ہماری صنعتوں کو جدت، مصنوعات کے معیار میں بہتری اور عالمی سطح پر ان کی مسابقت کو بڑھانے میں مدد دے گی۔