لاہور (کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر و ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز نے کہا سیشن کا مقصد پرائیویٹ لمیٹڈ،لسٹڈ اور نان لسٹڈ کمپنیوں کوایس ای سی پی کے نئے قوانین اور ضوابط کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا تاکہ شرکاء کمپنیوں کے قانونی تقاضے بہتر طور پر پورے کر سکیں۔ ایس ای سی پی کا کردار پاکستان کی معاشی ترقی میں بہت اہم ہے، اور ایف پی سی سی آئی اسی ای سی پی کیساتھ مل کر ایسے سیشنز منعقد کر رہا ہے جو کارپوریٹ سیکٹر کی بہتری کیلئے بے حد اہم ہیں۔ایس ای سی پی نہ صرف کمپنیز کے قانونی معاملات کو ریگولیٹ کرتا ہے بلکہ ملک میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس لیے اس ادارے کی پالیسیوں اور قوانین کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا ہر کاروباری شخصیت کیلئے ضروری ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں پرائیویٹ لمیٹڈ،لسٹڈ اور نان لسٹڈ کمپنیوں کیلئے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے متعارف کردہ نئی ڈیجیٹل رجسٹری ’’ای زی فائل‘‘، کمپنیز ریگولیشنز 2024، اور کمپنی ریگولرائزیشن سکیم پر ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میں منعقدہ خصوصی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔