لاہور(کلچرل رپورٹر) برصغیر کی عظیم و قدیم دینی درس گاہ جامعہ فتحیہ ذیلدار روڈ اچھرہ لاہور کے شعبہ حفظ کے زیراہتمام پروقار تقریب جامعہ کے صدر سابق ایم پی اے حافظ میاں محمد نعمان کی زیر صدارت ہوئی جس میں حفظ مکمل کرنیوالے طلبہ کی دستار بندی کی گئی۔ انعامات اور شیلڈ دی گئیں۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ میاں محمد نعمان نے کہا مدارس دینیہ اسلام کے قلعے اور دنیا کی سب سے بڑی این جی اوز ہیں جہاں لاکھوں طلبہ کی تعلیم وتربیت کیساتھ ساتھ رہائش کھانا میڈیکل کی سہولیات مفت دی جاتی ہیں۔ معاشرے کی بہتری میں مدارس دینیہ بہت بڑا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مدارس میں پڑھنے والے طلبہ کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ اس پر وقار تقریب میں مولانا عبداللہ مدنی مولانا احمد مدنی قاری عبدالعزیز یوسف قاری ظہیر عباس قاری محمد اکرم کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
جامعہ فتحیہ کے زیراہتمام حفظ کرنیوالے طلبہ کی دستار بندی تقریب انعامات، شیلڈز تقسیم
Aug 31, 2024