لاہور (خصوصی نامہ نگار ) ملک میں دہشت گردی افراتفری کا خاتمہ نفاذ اسلام سے ممکن ہے۔ انگریز کی بنائی جمہوریت نے ہمیں سیاسی گروہوں میں تقسیم کر کے کمزور کیا۔ ہمیں اسلامی نظریات کی طرف پلٹا ہو گا۔ یہ بات جماعت اہلحدیث کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے جامعہ القدس چوک دالگراں میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا ملک دہشت گردی سیاسی اور مذہبی تعصبات کا خاتمہ نفاذ اسلام سے ممکن ہے۔ ہم بڑی تیزی سے جدید دور میں جہالت کی طرف گامزن ہو کر اپنے ملک اور نظریات کی اہمیت کو ختم کرتے جا رہے ہیں۔ اسلام کے نام پر حاصل کرکے کفر کے نظام کو چلانے کی کوشش کی لیکن 75 سالوں سے ہم ذلیل ورسوا ہوئے ہیں۔ عوام کو سکون میسر نہیں۔ اسلام کی تاریخ ہمیں بتاتی کہ جہالت اور گروہی تعصبات کے خاتمے کیلئے آپؐنے عربوں کی ایسی خوبصورت تربیت کی کہ پوری دنیا پر چھا گئے۔ ہمیں اپنے اسلاف کی روایات کی طرف پلٹنا ہو گا۔ اسی میں عزت مسلمانوں کی عزت ہے اور ہم غیروں کی غلامی سے نجات حاصل کرکے اپنی آنیوالی نسلوں کو ایک اچھا سبق دے سکتے ہیں۔ سودی نظام نے ہمارے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے اور ہم قرضوں کی دلدل میں دھنستے چلے جا رہے ہیں جس سے ملک کمزور ہو رہا ہے۔