لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان سے استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے صدر رانا نذیر احمدخان اورجنرل سیکرٹری و ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے آئی پی پی پنجاب سیکرٹریٹ میں ملاقات کی جس میں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ایک بار پھر ملک و قوم کیلئے خدمات سر انجام دینے اور عوامی مسائل کو بلا تاخیر حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی جبکہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے آئی پی پی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔ ممبر پنجاب اسمبلی و جنرل سیکرٹری استحکام پاکستان پارٹی پنجاب شعیب صدیقی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے برق رفتار ترقیاتی منصوبوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز موجودہ سیاسی قافلے میں ترقیاتی سیاست کی علمبردار ہیں۔ ان کی زیر قیادت پنجاب میں ہونیوالی ریپڈسپیڈ ترقی نے دیگر صوبوں کو اس دوڑ میں بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ملاقات میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا پنجاب میں ٹریفک کیلئے ڈیجیٹل نظام کو جلد ہی زیر عمل لائیں گے اور ٹیکنالوجی پر انحصار کرتے ہوئے جدید خطوط پر استوار ٹریفک سسٹم کو صوبے بھر میں رائج کریں گے۔ انٹر سٹی ٹریفک سسٹم کو مزید فعال کرنا اور شہریوں کو آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔