ہرمسلمان عقیدہ ختم نبوت کا محافظ ہے:ہاشم علی شاہ زنجانی

Aug 31, 2024

لاہور( کلچرل رپورٹر) سجادہ نشین حضرت میراں حسین شاہ زنجانیؒسید ہاشم علی شاہ زنجانی نے کہا ہر مسلمان عقیدہ ختم نبوتؐ کا محافظ اور پہرے دار ہے۔ تمام صحابہ کرامؓ نے ختم نبوتؐ  کی پہرے داری کی۔ لیکن امام عالی مقام آل رسولؐ  آج بھی اس عقیدے کے تحفظ کیلئے پیش پیش ہے اور امت کی رہنمائی کررہی ہے۔ عقیدہ ختم نبوتؐ نے امت مسلمہ کو وحدت اور استحکام کی زنجیر میں باندھ رکھا ہے۔ ختم نبوتؐکے عقیدے پر تمام فرزندانِ اسلام کا مجتمع ہونا حضوراکرمؐ کا معجزہ اور اللہ کی سب سے بڑی رحمت ہے۔ قرآن مجید میں اس عقیدے کے حوالے سے کم و بیش ایک سو سے زائد آیات مبارکہ موجود ہیں۔ دین اسلام میں جس طرح توحیدباری تعالیٰ، رسالت اور قیامت کے بنیادی عقائد کے ساتھ ملائکہ پر ایمان لا نا لازمی ہے۔ بالکل اسی طرح یہ عقیدہ بھی لازمی ہے حضرت محمد مصطفیؐ اللہ کے آخری نبی اور پیغمبر ہیں اور آپؐ کی بعثت کے بعد قیامت تک کوئی دوسرا نبی پیدا نہیں ہوگا اور نہ ہی کسی شخص کے لیئے اب یہ باب نبوت کھولا جائے گا۔

مزیدخبریں