گوجرانوالہ+ کامونکی+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ سٹاف رپورٹر) چیانوالی روڈ پر دوران واردات کمسن بچی سے زیادتی کرنے والادرندہ صفت ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔ ملزم ریکارڈ یافتہ اور سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ صدر گوجرانوالہ پولیس کی گاڑی روٹین کی گشت کے دوران ناکہ بندی عقب مراد ہسپتال کینال روڈ پر موجود تھی۔ واپڈا ٹاؤن کی طرف سے موٹر سائیکل سوار 3 نامعلوم ملزم آ رہے تھے جنہوں نے دور سے پولیس گاڑی کی ریوالونگ لائٹ دیکھ کر تیزی سے واپس مڑنے کے لیے بریک لگائی جو سلپ ہو کر گر گئے اور ساتھ ہی پولیس اہلکاروں پر مبینہ سیدھی فائرنگ کر دی۔ فاصلہ زیادہ ہونے کی وجہ سے پولیس اہلکار محفوظ رہے اور پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری اکا دکا فائر کیا۔ فائرنگ رکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو سڑک کی دوسری جانب ایک نامعلوم ملزم مردہ حالت پڑا ہوا تھا۔ ہلاک ملزم کی شناخت عمر فاروق ولد ظفر اقبال قوم ماچھی سکنہ کھیالی کے نام سے ہوئی۔ جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا، دیگر 2 نامعلوم ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سی پی او نے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ ہلاک ملزم عمر فاروق عرف عمری راہزنی کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ ملزم نے گزشتہ ماہ تھانہ ایمن آباد کے علاقہ میں دوران واردات کمسن بچی سے زیادتی بھی کی تھی جو اس کیس میں بھی ملوث و مطلوب تھا۔ملزم کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال بھجوا دیا گیا۔ فیصل آباد، ڈسکہ، سیالکوٹ، کسووال میں چار خواتین، آٹھ لڑکوں سے زیادتی کے واقعات پیش آئے۔ جنوبی چھاؤنی میں لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر زیادتی کرنے والا ملزم عدنان پکڑا گیا۔ ویڈیو بنا کر بلیک میل بھی کرتا رہا۔ گزشتہ ماہ کامونکی سے تعلق رکھنے والی پندرہ سالہ (گ) رات گئے اپنے کزن اسد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گوجرانوالہ سے واپس آرہی تھی کہ جی ٹی روڈ چیانوالی کے علاقہ میں دو ڈاکو انہیں لوٹنے کے بعد ویرانے میں لے گئے، ایک ڈاکو نے متاثرہ لڑکی کے کزن اسد کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنائے رکھا جبکہ دوسرے نے اسے زبردستی جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ موٹر سائیکل سوار ملزم نے اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ کے دوران ملزم عمر فاروق عرف عمری اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ سی پی او گوجرانوالہ نے صدر پولیس گوجرانوالہ کے عملہ کو اعلی کارکردگی پر شاباش دی ہے۔ یاد رہے کہ خطرناک ڈکیت قبل ازیں بھی تھانہ کھیالی گوجرانوالہ کے علاقہ میں دوران ڈکیتی ایک نوجوان لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے علاوہ متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا، جس کی ہلاکت پر شہریوں نے پولیس کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔