پشاور(بیورو رپورٹ)گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی کی عدم موجودگی کے باعث صوبائی کابینہ میں مزید تقرریاں رک گئیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈا پور نے ایک مشیر اور 4 معاونین خصوصی کی تقرری کی سمری گورنر کو بھیجی تھی جو انہیں 26 اگست کو موصول ہوئی تھی۔سرکاری ذرائع کا بتانا ہے گورنر نے تاحال سمری پر دستخط نہیں کئے، گورنر فیصل کریم کنڈی گزشتہ ایک ہفتے سے شہر سے باہر ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی نے احتشام علی کو مشیر، پیر مصور غازی، سہیل آفریدی، نیک محمد اور ہمایون خان کو بطور معاونین خصوصی کابینہ میں شامل کرنے کی سمری گورنر کے پی کو بھیجی تھی۔اس حوالے سے وزیر قانون خیبر پی کے آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ گورنر کے پاس سمری گئی ہے لیکن گورنر موجود نہیں، گورنر اپنی آئینی ذمہ داری چھوڑ کر سیاست کرنے میں لگے ہیں۔ گورنر ریاستی امور کو نقصان پہنچا رہے ہیں، گورنر اپنا کام چھوڑ کر ٹاک شوز میں تجزیے کرتے ہیں۔
گورنر خیبر پی کے کی مصروفیات ‘ کابینہ میں مزید تقرریاں رک گئیں
Aug 31, 2024