اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق کور کمیٹی کو آٹھ ستمبر کے جلسے کی تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی نے لاہور میں جلسہ 22 ستمبر کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی نے کہا کہ آئین سے متصادم کسی بھی حکومتی بل کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ ادھر رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ آئندہ جلسے کیلئے مجھے کوئی ذمہ داری نہیں دی گئی۔ حکام اتنی آسانی سے 8 ستمبر کا جلسہ نہیں ہونے دیں گے۔ بانی پی ٹی آئی سے دونوں ملاقاتوں میں فیصلہ ہوا جلسے کی ذمہ داری میری ہو گی۔ بائیس اگست کا جلسہ ملتوی کرنے سے بہت مایوسی ہوئی۔ بائیس اگست کا جلسہ ملتوی نہیں ہونا چاہئے تھا، اس سے بہت بھاری نقصان ہوا۔ آٹھ ستمبر کو حکام نے جلسہ نہ کرنے دیا تو ہمیں زبردستی نکلنا ہوگا۔ اس سے پہلے کسی جلسے کی تاریخ ہم نے مؤخر نہیں کی۔ جلسے کی کامیابی کا دار و مدار پارٹی کی حکمت عملی پر ہوگا۔
جلسہ ضرور ہو گا ‘پی ٹی آئی : آسانی سے نہیں ہونے دیا جائیگا: مروت
Aug 31, 2024