لاہور (نوائے وقت رپورٹ) حکومت پنجاب کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت اہم شخصیات اور دوسرے صوبوں کے چیف ایگزیکٹوز کی سکیورٹی یقینی بنانے کے سلسلے میں اپنے فرائض سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے دورہ پنجاب کے موقع پر بلیو بک میں طے کردہ پروٹوکولز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بناتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ خیبر پی کے کے وزیراعلی کے دورہ فیصل آباد کے موقع پر مقامی پولیس کی طرف سے ان کی سکیورٹی کے لئے ٹھوس اور فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ وزیراعلی خیبر پی کے کا یہ دورہ نجی نوعیت کا تھا جس کے دوران وہ 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں درج شدہ چار مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے لئے انسداد دہتشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ تاہم اس موقع پر فیصل آباد پولیس نے ان کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ایک ایس پی اور ایک ڈی ایس پی سمیت 70 دیگر اہلکار تعینات کئے تھے۔ اس کے علاوہ سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے ان کی آمد و رفت بآسانی اور بلا رکاوٹ یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ ان کی آمد سے قبل سپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی طرف سے عدالت کے احاطے کی سویپنگ بھی کی گئی تھی۔
وزیراعلیٰ خیبر پی کے کے دورہ فیصل آباد میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے: ترجمان پنجاب حکومت
Aug 31, 2024