وزیراعلیٰ کی ہدایت پر میؤ ہسپتال میں بچوں کیلئے جدید بلاک کا افتتاح 

Aug 31, 2024

لاہور (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی  مریم نواز شریف نے صوبے کے بچوں کے جدید علاج اور سرجری کی سہولیات کے وژن کا ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے میو ہسپتال میں بچوں کے علاج کے لئے جدید سہولیات سے لیس نوتعمیر شدہ بلاک کا افتتاح کیا۔ 35 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار شدہ نیا بلاک بچوں کے علاج کی جدید سہولیات، سرجری اور جدید مشینری سے آراستہ ہے۔ 4 منزلہ نئے بلاک کی تعمیر سے وارڈز کی تعداد میں اضافہ اور بستروں کی تعداد 50 سے بڑھ کر 80 ہوگئی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلی مریم نوازشریف پنجاب بھر میں صحت کے پورے نظام کو جدید بنانے کا انقلاب لارہی ہیں۔ خواتین اور بچوں کی صحت وزیراعلی پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ مریم نوازشریف کا وژن پنجاب کو تعلیم، صحت، عوامی خدمت، انفراسٹرکچر، ماحولیات اور گورننس کے حوالے سے مثالی صوبہ بنانا ہے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے  کہاکہ پیڈز سرجیکل بلاک میں سی ایس ایس ڈی، آکسیجن کی مرکزی فراہمی، ایک چھوٹا آپریشن تھیٹر، ڈے کیئر، پیتھالوجی لیب، سکلز لیب کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ وارڈز کو لیجنڈ پروفیسرز کے نام سے منسوب کیا گیا ہے-دوسری جانب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں نایاب جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے سخت آپریشن جاری ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف نے چھاپہ مار کر نایاب برفانی چیتے کی کھال برآمد کر لی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ عالمی مارکیٹ میں نایاب برفانی چیتے کی قیمت 20 ہزار ڈالر ہے جو پاکستانی 56 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا، جنگلات اور جنگلی حیات کا تحفظ موسمی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، عالمی سطح پر نایاب برفانی چیتے کی نسل کی بقاء کے لئے خصوصی کوششیں جاری ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔

مزیدخبریں