طیاروں کی عدم دستیابی، سینکڑوں پاکستانی بغداد ایئرپورٹ پر پھنس گئے

Aug 31, 2024

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اربعین کے موقع پر عراق جانے والے سیکڑوں پاکستانی زائرین جہازوں کی عدم دستیابی کے باعث بغداد ایئرپورٹ پر پھنس گئے۔ عملے نے 50 سے زائد پاکستانیوں کے پاسپورٹ بھی گم کردیئے۔ گزشتہ صبح چار بجے سے مرد، خواتین اور بچے بغداد ائر پورٹ پر موجود ہیں جنہیں پرواز کے لیے جہاز نہیں دیئے گئے۔ متاثرہ ہم وطنوں نے بتایا کہ ہمیں نہیں بتایا جا رہا کہ اب ہم وطن کب اور کیسے جائیں گے؟۔ صبح چار بجے سے بھوکے پیاسے ائرپورٹ پر بیٹھے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں۔ ایک خاتون زائر نے بتایا کہ ہماری پرواز صبح نو بجے بغداد میں ہمیں چھوڑ کر اسلام آباد روانہ ہو گئی، ہمارے پاسپورٹ انتظامیہ کو نہیں مل رہے، بغداد ائر پورٹ پر عراقی عملے نے عراق آمد پر پاکستانی زائرین سے پاسپورٹ لے لیے تھے۔ یورپ سمیت دیگر مغربی ممالک سے آنے والے افراد جو پاکستانی پاسپورٹ پر عراق سفر کر رہے ہیں، عراقی امیگریشن کی زیادتیوں کے سبب اپنی فلائٹس مس کر چکے ہیں۔ زائرین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان نا انصافیوں پر عراقی حکومت سے احتجاج کریں اور ہنگامی طور پر خصوصی پروازوں سے پاکستانیوں کی فوری واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں