انڈسٹری کو سستی بجلی فراہمی کیلئے تجاویز کا جائزہ، صنعتی انقلاب لائیں گے: مریم نواز

Aug 31, 2024

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے انٹر پرینیورز آرگنائزیشن کے وفد کی ملاقات میں انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے لئے اعلی سطح کمیٹی بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا اور اتفاق رائے سے علی عالم قمر کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیا۔ وزیراعلی نے انٹر پرینیورز آرگنائزیشن کے صوبائی حکومت سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ ملاقات میں پنجاب کی انڈسٹری کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا اور براہ راست ٹرانسمیشن لائن بچھا کر پنجاب کی انڈسٹری کو سستی بجلی فراہم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلی نے غیر قانونی پمپس لگا کر غیر معیاری ایرانی تیل بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔ صنعتکاروں نے پنجاب کے لئے 300بلین ڈالر کا جی ڈی پی ٹارگٹ حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے صنعت کاروں کے عزم کو سراہا اور کہاکہ ڈومیسٹک صارفین کی طرح انڈسٹری کے لئے بھی بجلی بلوں میں پائیدار ریلیف چاہتی ہوں۔ محض رسمی ملاقات نہیں بلکہ ہم انڈسٹری میں حقیقی تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں۔ وزارت اعلی چیلنجنگ جاب ہے، 14کروڑ لوگوں کی ذمہ داری کے احساس سے رات کو نیند بھی نہیں آتی۔ پنجاب کو بزنس فرینڈلی صوبہ بنانا چاہتے ہیں، ایز آف ڈوئنگ بزنس کو نافذ کریں گے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں دنیا بھر سے نمایاں ادارے آرہے ہیں۔ حالات کو رات بھر میں نہیں بدلا جاسکتا لیکن بدلنے کا عزم اور حوصلہ موجود ہے۔ انڈسٹریلسٹس سے مل کر حالات کو بدلیں گے۔ انڈسٹریل اسٹیٹس کو رئیل اسٹیٹ کا بزنس بننا افسوسنا ک ہے۔ سپیشل اکنامک زونز پر چارجز لینے کا کیا جواز ہے، پلاٹ لیں اور 3ماہ کے اندر انڈسٹری کی تعمیر شروع کریں۔ پنجاب میں بے پناہ مواقع پنہاں ہیں، انڈسٹری کے فروغ کے لئے پلگ اینڈ پلے یونٹ بنانا چاہتے ہیں۔ انڈسٹری سے مل کر ٹیوٹا کے کورسز ری ڈیزائن کر رہے ہیں۔ تربیت یافتہ ہنر مند انسانی وسائل نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی انڈسٹری میں بھی کام کرسکیں گے۔ ایکسپورٹ ہماری معیشت کی لائف لائن ہے، مقامی سطح پر برآمدات بڑھانے کے لئے تمام سہولتیں دیں گے۔ ترقی پسند انڈسٹریلسٹ سے مل کر پنجاب میں صنعتی انقلاب لائیں گے۔ سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر انڈسٹری کے لئے این او سی جاری کرنے کی اجازت دے دی۔ انٹر پرینیورز آرگنائزیشن کے علی عالم قمر نے کہاکہ مریم نوازشریف کی صورت میں پنجاب کو پہلی صنعت و تجارت دوست وزیراعلی ملی ہے۔ 6ماہ میں بجلی ریلیف، سولر، ہیلتھ ایجوکیشن سمیت درجنوں منصوبے بذات خود ریکارڈ ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ نے حضرت سید محمد عبداللہ شاہ بابا بلّھے شاہؒ کی روحانی و مذہبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور  عقیدتمندوں کو عرس پر مبارکباد دی ہے۔

مزیدخبریں