کابینہ اجلاس: پی ڈبلیو ڈی کی فوری بندش، پاکستان ریلوے اور چین کے درمیان فنانسنگ معاہدے کی منظوری

Aug 31, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) وفاقی کابینہ نے پی ڈبلیو ڈی کی فوری بندش اور ایم ایل ون کے پہلے فیز پر عمل درآمد کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس آج منعقد ہوا جس میں دو نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا اور ان کی منظوری دی گئی۔ایجنڈا میں شامل اول نکتہ رولز آف بزنس 1973ء  میں ترمیم کے ذریعے پی ڈبلیو ڈی کی بندش کے حوالے سے تھا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ڈبلیو ڈی کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا جس کی کابینہ نے منظوری دے دی۔ کابینہ کی منظوری سے پاکستان ورکس ڈیپارٹمنٹ فوری طور پر غیر فعال ہو جائے گا۔وفاقی کابینہ نے چین پاکستان راہداری سی پیک کے کلیدی منصوبے مین لائن ون ( ایم ایل ون) کی اپ گریڈیشن کے لیے چین اور پاکستان کی ریلویز کے مابین ایم ایل ون کے پہلے مرحلے پر مالیاتی یقین دہانی (فنانشیل کمٹمنٹ ایگریمنٹ) کے حوالے سے مذاکرات شروع کرنے کی منظوری دے دی۔کابینہ نے ہدایت کی کہ حتمی معاہدہ منظوری کے لیے کابینہ کے سامنے دوبارہ پیش کیا جائے۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 29 اگست 2024ء￿  کے اجلاس میں لئے گئے فیصلے کی توثیق کردی۔

مزیدخبریں