لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر بالاج ٹیپو کے قتل میں ملوث احسن شاہ کی آڈیو لیک ہونے کے معاملے پر احسن شاہ کی اہلیہ، طیفی بٹ، گوگی بٹ اور نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزم احسن شاہ کی اہلیہ کے ساتھ لیک آڈیو کال سامنے آئی تھی جس میں وہ اپنی بیوی سے کہہ رہا تھا کہ میں بہت جلد جیل سے باہر آرہا ہوں، رہا ہوتے ہی ایک ماہ کیلئے سعودی عرب چلا جائوں گا، میں جیل کا بہت بڑا فنکار بن چکا ہوں جس پر اہلیہ نے جواب دیا کہ فنکار تو آپ پہلے ہی بہت بڑے تھے۔ اپنی گفتگو میں احسن شاہ کا کہنا تھا کہ میں گرفتار کرنے والے کا کام تمام کر کے باس کو تحفہ دوں گا۔ یاد رہے کہ سی آئی اے کے سب انسپکٹر شکیل بٹ نے احسن شاہ کو گرفتار کیا تھا۔ احسن شاہ گزشتہ دنوں برآمدگی کے لئے لے جاتے ہوئے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا تھا۔ ملزم احسن شاہ کی پولیس مقابلے میں ہلاکت سے قبل مبینہ آڈیو سامنے آنے کے معاملے پر احسن شاہ کی اہلیہ عریشہ شاہ کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپہ مارا۔ احسن شاہ کی والدہ نے الزام عائد کیا کہ عریشہ شاہ گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لے کر فرار ہو گئی۔ احسن شاہ کی والدہ نے تھانہ راوی روڈ میں بھی عریشہ کے خلاف چوری کے مقدمے کی درخواست دے دی۔ پولیس کے مطابق عریشہ جنازے کے فوری بعد گھر سے غائب ہوگئی تھی، ان کے والد کے گھر بھی تالے لگا کر سب غائب ہیں۔