300 سے 500 یونٹ: وزیراعلیٰ سندھ کی بینظیر پروگرام کے ذریعہ ٹارگٹڈ سبسڈی کی تجویز

کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کا بڑا منصوبہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کے حوالے کردیا۔ پانچ سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے، پیک آور چارجز اور مختلف سلیبز ختم کرنے کی تجویز دے دی۔ کہا بجلی سستی ہوگی تو طلب بڑھے گی اور اضافی بجلی بھی استعمال میں آ جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ ویڈیو لنک پر وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے بات کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ کی معاونت صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ، پرنسپل سیکرٹری آغا واصف اور سیکرٹری توانائی مصدق خان نے کی جبکہ وفاقی وزیر کی معاونت ڈاکٹر فرخ عالم نے کی۔ وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر نے کم آمدنی والے بجلی صارفین کو ریلیف دینے کی تجویز پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تین سے پانچ سو یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے کم آمدنی صارفین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے۔ حکومت سندھ نے اس حوالے سے منصوبہ غور کیلئے وفاقی حکومت کو جمع کرا دیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ مختلف سلیبز ختم کرکے تمام گھریلو صارفین کیلئے یکساں نرخ مقرر کیے جائیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر بجلی کی طلب میں کمی ہوگئی ہے۔ ڈیمانڈ کے حوالے سے پیک آور بھی تبدیل ہوگئے ہیں اس لیے وزیراعلیٰ سندھ کی اس تجویز پر غور کیا جاسکتا ہے تاہم مختلف سلیبز کے خاتمے پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز دی کہ فیکٹریاں اگر نائٹ شفٹ شروع کریں تو انہیں کم نرخوں پر بجلی فراہم کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن