اسلام آباد (خبرنگار)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ شاہراہیں کسی بھی قوم اور معاشرے کی معاشی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور اس ویژن کے مطابق صوبہ بلوچستان میں شاہراہوں کے نیٹ ورک کو مزید پھیلانے کی اشد ضرورت ہے تا کہ صوبے میں ترقیاتی عمل میں مزید تیزی لا کر عوام کا معیار زندگی تبدیل کیا جا سکے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو انسپکٹر جنرل موٹرویز اینڈ ہائی ویز سلمان چوہدری نے ملک بھر اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان میں جاری موٹر ویز اینڈ ہائے ویز منصوبوں پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ہدایات دیں کہ شاہراہوں سے جاری منصوبوں کو جلد پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موٹرویز اور ہائی ویز پر ٹریفک پولیس کی تعداد میں اضافہ ضروری ہے تاکہ مسافر تحفظ کے ساتھ اپنی منزل تک پہنچ سکیں اور ان شاہراہوں پر سفری سہولیات یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کے دونوں اطراف درخت لگائے جائیں ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ شاہراہوں کا نیٹ ورک بڑھانے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے شجر کاری کے منصوبے شروع کئے جائیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبے کی معاشی و اقتصادی ترقی میں شاہراہیں کلیدی کردار ادا کریں گی۔
بلوچستان میں شاہراہوں کے نیٹ ورک کو مزید پھیلانے کی اشد ضرورت ہے،سیدال خان
Aug 31, 2024