اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے روزمرہ کی زندگی کے چیلنجوں پر قابو پانے اور اللہ کی رحمتیں کمانے کے لیے قرآن و احادیث کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت پر زور دیاہے۔ انہوں نے باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پرامن اور جامع معاشرے کی تشکیل کے لیے مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کی ضرورت پر بھی زور دیاہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اپنی گفتگو کے دوران، جس میں بڑی تعداد میں تاجر برادری کے رہنماؤں، طلباء اور سول سوسائٹی ممبران نے شرکت کی، مولانا طارق جمیل نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اختلافات کے بجائے مشترکہ اقدار اور مشترکہ انسانیت پر توجہ دیں۔ انہوں نے انفرادی اور اجتماعی کامیابی اور ترقی کے لیے کاروبار، تجارت، حکمرانی اور زراعت سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں قرآن اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے سچائی، دیانتداری اور اچھے اخلاق کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا، 'ہمیں ہر قیمت پر سچ بولنا چاہیے، معاملات میں دھوکہ دہی سے گریز کرنا چاہیے اور ہمیشہ مہربانی اور احترام سے پیش آنا چاہیے۔
اختلافات کے بجائے مشترکہ اقدار اور انسانیت پر توجہ دیں،مولانا طارق جمیل
Aug 31, 2024