یمن کے شہر عدن میں زوردار دھماکہ ہوا ہے، جس کے باعث متعدد افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عدن کے المنصورہ ضلع میں معروف اسٹریٹ پر واقع گیس اسٹیشن میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر زوردار دھماکہ ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بڑی گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی آمدورفت والے رہائشی علاقے میں ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، تاہم درست تعداد سامنے نہیں آسکی ہے۔
اس سے قبل یمن میں 8 مقامات پر حوثیوں کے 18 ٹھکانوں کو امریکا اور برطانیہ کی جانب سے فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے اس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اور برطانیہ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ جنگی جرائم اور نسل کشی کرنے والے اسرائیل کے حمایتی ہیں۔