ایران نے موخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل کی فراہمی پر رضامندی ظاہر کر دی

تہران (ریڈیو نیوز) ایران پاکستان کو 3 ماہ کی مؤخر ادائیگیوں پر یومیہ 50 ہزار بیرل تیل فراہم کرنے پر رضامند ہو گیا‘ مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر احمدی نژاد سے ملاقات میں مؤخر ادائیگیوں کا عرصہ بڑھانے کی درخواست کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران بھارت کے بغیر بھی گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد کے لئے تیار ہے۔ مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی فوری طور پر شروع ہو جائے گی۔ مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی پر دو روزہ مذاکرات ہوئے جس میں تیل کی فراہمی پر رضامندی ظاہر کی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق گیس منصوبے میں قیمتوں پر مذاکرات طوالت پکڑیں گے کیونکہ ایران قیمت زیادہ مانگ رہا ہے۔ دریں اثناء ایرانی وزیر توانائی انجینئر پرویز فتاح نے ایوان صدر میں صدر سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ ایران کے ساتھ توانائی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ ایرانی وزیر نے صدر محمود احمدی نژاد کا نیک خواہشات کا پیغام صدر زرداری کو پہنچایا اور ایران کی طرف سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔آن لائن کے مطابق صدر زرداری نے ایرانی وزیر سے گفتگو کرتے کہا کہ پاکستان نے خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جبکہ بھارت نے جارحانہ اقدامات اٹھائے۔ پاکستان کسی کیساتھ جنگ نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کیساتھ توانائی سمیت تمام شعبوں میں پاکستان پائیدار تعاون چاہتاہے۔

ای پیپر دی نیشن