محمکہ موسمیات نےملک کے زیادہ تر علاقوں میں خشک موسم اورسردی کی پیش گوئی کی ہے۔ تاہم گلگت بلتستان اورکشمیرسمیت بالائی علاقوں میں آج شام تک برفباری کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایک روز بعد سردی کی شدید لہرملک کے اندرداخل ہوگی۔ملک کے بیشترعلاقے اس لہرکے زیراثررہیں گے۔کراچی سمیت سندھ بھرمیں سرد ہواؤں کا اثردوروز تک رہے گا۔ دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے نتیجے میں مختلف علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ گلیات میں برف باری کے بعد نتھیا گلی اور باڑیاں روڈ سمیت متعدد رابطہ سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہیں۔ ادھر دھند کے باعث بابو صابو انٹرچینج لاہور سمیت موٹروے کو جانے والے تمام انٹری پوائنٹس کو آنے اور والے جانے والی ٹریفک کےلیے رات گئے ہی بند کردیا گیا جبکہ موٹروے پولیس کی جانب سے جی ٹی روڈ استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔