مکہ مکرمہ میں تیز ہواﺅں کیساتھ موسلا دھار بارش‘ موسم خوشگوار ہو گیا

مکہ مکرمہ (نمائندہ خصوصی) مکہ مکرمہ میں اچانک تیز ہواﺅں اور موسلا دھار بارش سے موسم نہ صرف خوشگوار ہو گیا بلکہ سردی میں بھی قدرے اضافہ ہو گیا۔ مکہ مکرمہ اور گرد و نواح میں آسمان پر کالے بادل چھا گئے اور تیز ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں اور موسلا دھار بارش شروع ہو گئی۔ شدید بارش سے نشینی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی۔ سڑکیں، گاڑیاں زیر آب آ گئے۔ شارع الحج پر 5 میٹر گہرا اور تقریباً 50 میٹر چوڑا شگاف پڑ گیا جس میں ایک گاڑی پھنس گئی۔ شارع الحج پر ہی ایک اور گڑھا پڑ گیا بعد ازاں امدادی ٹیموں نے پھنسی ہوئی گاڑی کو نکالا جبکہ شارع الحج کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔ محکمہ شہری دفاع مکہ مکرمہ کے حکام نے بتایا کہ مکہ مکرمہ کے علاقے شرائع المجاہدین میں ایک سعودی شہری تین بچوں کے ہمراہ گاڑی میں جا رہا تھا کہ بارش میں تین بچے اور سعودی شہری ڈوب گئے۔ سیلابی پانی میں 100سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں۔ شہری دفاع کے اہلکاروں نے انہیں نکالا۔ تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ کے شرائع المجاہدین علاقے میں سیلاب میں اپنے بچوں کے ساتھ جاں بحق ہونے والے سعودی شہری کا نام ناصر الشریف بتایا گیا ہے۔ اس کی دو بیویاں اور بارہ بچے ہیں۔ ناصر الشریف اپنے تین بچوں کے ساتھ گھر کا سودا سلف لینے گیا تھا کہ سیلابی پانی میں پھنس گیا۔ تین بچوں کی لاشیں پانی میں تیرتی ہوئی ملیں جبکہ باپ کی لاش پانی میں بہہ گئی۔ محکمہ شہری دفاع کے اہلکار تین گھنٹے تک تلاش کرتے رہے بعدازاں اس کی لاش مل گئی متوفی نے دو بیویاں اور 9 بچے سوگوار چھوڑے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن