اسلام آباد (جاوید صدیق) امریکی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ رچرڈ ہالبروک کی جگہ پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے مستقل نمائندے کی تلاش جاری ہے۔ان ذرائع کے مطابق پاکستان میں امریکہ کے سابق سفیر ریان سی کروکر اور افغان نژاد امریکی سفارتکار زلمے خلیل زاد کے نام رچرڈ ہالبروک کے جانشین کے طور پر زیر غور ہیں لیکن امریکی انتظامیہ کی خواہش ہے کہ رچرڈ ہالبروک کی طرح کوئی قد آور شخصیت دستیاب ہو تو اسے ترجیح دی جائے گی۔ سابق امریکی وزیر خارجہ کولن پاول سے بھی رابطے کئے جارہے ہیں کہ وہ رچرڈ ہالبروک کی جگہ پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے بن جائیں لیکن فی الحال انہوں نے اس منصب کو قبول کرنے پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔ امریکی انتظامیہ نے عارضی طور پر رچرڈ ہالبروک کے ایک معاون سفارتکار فرینک روگرو کو عارضی طور پر پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکہ کا خصوصی نمائندہ مقرر کیا ہے جو اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن ہالبروک کے متبادل کی تلاش جاری ہے۔