میٹرو بس پراجیکٹ ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا عجوبہ ہے‘ عوام کو سفری مشکلات سے نجات ملے گی : شہباز شریف

لاہور(خبرنگار) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے میٹروبس پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور عوام کی سہولت کے لئے بہت جلد جدید و آرام دہ میٹرو بسیں رواں دواں ہوں گی۔ مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے کو پنجاب حکومت اپنے وسائل سے مکمل کررہی ہے اور یہ منصوبہ 11ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ ترکی میں میٹروبس پراجیکٹ اڑھائی سال میں مکمل کیا گیا۔ بلاشبہ میٹروبس پراجیکٹ ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا ایک عجوبہ ہے اور یہ عظیم الشان منصوبہ شعبہ ٹرانسپورٹ میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار میٹروبس پراجیکٹ کے مختلف سیکشنزکے دورے کے دوران شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شہبازشریف نے کہا میٹرو بس سروس کا کامیابی سے آزمائشی طور پر اجرا کیاگیا ہے اور شہریوں نے آزمائشی اجرا کو جس قدر سراہا مجھے پورا یقین ہے جب میٹروبسیں باقاعدہ طور پر چلنا شروع ہوں گی تو عام آدمی کے ساتھ اشرافیہ بھی ان بسوں پر سفر کرنے میں فخر محسوس کرے گی۔ میٹروبس منصوبہ ایک مشنری جذبے کے تحت شروع کیا گیا ہے اور اسی عزم کے ساتھ اس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ میٹروبس سروس مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کا ایسا تاریخی کارنامہ ہے جس سے شہریوں کو آرام دہ ، محفوظ ، تیزرفتار اور باکفایت سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ منصوبے پر سخت سردی کے باوجود دن رات کام جاری ہے اور میرا ایمان ہے ہمارا یہ عظیم الشان منصوبہ عوام کوسفری تکالیف و مشکلات سے نجات دلائے گا۔ انہوں نے کہا میٹروبسوں کی پہلی کھیپ لاہور پہنچ چکی ہے جبکہ باقی بسیں بھی بہت جلد لاہور پہنچ جائیں گی۔ مسافروں کی سہولت کے لئے بس سٹیشنوں پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور تمام نظام جدید الیکٹرانک سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے جبکہ سٹیشنز پر کنٹرول روم قائم کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا میٹروبس کے اجرا سے شہری طویل سفر انتہائی کم وقت میں آرام دہ ٹرانسپورٹ کے ذریعے طے کرسکیں گے جس سے ان کے قیمتی وقت کی بچت ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے گجومتہ سے لیکر آزادی چوک تک میٹروبس پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ایسکیلیٹرزکی تنصیب کا کام جلد مکمل کیا جائے اور سٹیشنز پر فراہم کی جانے والی سہولتوں کے کام کو مقررکردہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے میٹروبسوں کے لئے تعمیر کئے جانے والے بس ڈپو کادورہ کیا اور وہاں پر کھڑی میٹرو بسوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی بس ڈپو میں تمام سہولیات فراہم کی جائیں ۔ وزیراعلیٰ نے لاہور برج کے ساتھ نوتعمیر شدہ نئے پل کلمہ چوک انڈرپاس پراجیکٹ کا معائنہ کیا اور منصوبے پر کام کی رفتار کے حوالے سے بریفنگ لی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کلمہ چوک انڈرپاس منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کرنے کو ہرصورت یقینی بنایاجائے اور منصوبے پر تیزرفتاری سے عملدرآمد کرتے ہوئے بجلی کے پولز اور تاروں کو فوری طور پر متبادل جگہ پر منتقل کرنے کے لئے لیسکوحکام سے رابطہ کیاجائے۔ وزیراعلیٰ نے میٹرو روٹ کے ساتھ ہارٹی کلچراور لینڈ سکیپنگ کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ایم اے او کالج کے قریب روٹری پر ہونے والے تعمیراتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔

ای پیپر دی نیشن