عام انتخابات مےں تاخیر اور التواءکو کسی صورت مےں برداشت نہےں کریںگے: فنکشنل لیگ

Dec 31, 2012


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) نے واضح کیا ہے کہ عام انتخابات میں تاخیر اور التواءکو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا اور مطالبہ کیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے غیرجانبدار نگران وزیراعظم مقرر کےا جائے اور عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے، حکومت سندھ کی ناکامیوں کی فہرست طویل ہے، سندھ میں خسرے سے 150 سے زائد بچوں کی ہلاکتوں کی ذمہ دار بھی سندھ حکومت ہے، چیف جسٹس ازخود نوٹس لیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) سندھ کے سیکرٹری جنرل امتیاز احمد شیخ نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر قائدین سیدعلی بخش شاہ عرف پپوشاہ، فقیر جادم منگریو، میر محمد کھوکھر، ڈاکٹر حسن رضا، زبیرمیمن، ڈاکٹر تاج، ندیم مرزا، وقارحسین جٹ،فقیرجان ڈہری، ڈاکٹر خیر محمد ناریجو، قاسم سراج سومرو اور خضرحیات منگریو سمیت دیگربھی موجود تھے۔ امتیاز احمد شیخ نے کہا پیرپگارا اپنی دیگر اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے جلد نگران وزیراعلیٰ سندھ کا نام دیںگے۔ انہوںنے کہا کہ حیدرآباد میںمسلم لیگ (فنکشنل) کا جلسہ بھی دنیا نے دےکھا اور 27 دسمبر کو گڑھی خدابخش میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے یوم شہادت پر بھی لوگوں نے جلسہ دےکھا۔ 27دسمبر کے جلسے کے لیے تمام سرکاری وسائل استعمال کئے گئے۔

مزیدخبریں